17 جولائی 2014 - 11:44
 طالبان نے کابل ایرپورٹ پرحملے کی ذمہ داری قبول کرلی

طالبان نے کابل ایرپورٹ پرحملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ریڈیو تہران کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاھد نے کہا ہے کہ طالبان نے آج صبح کابل ایرپورٹ کے فوجی حصے پر خود کش حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد طالبان اور فوج میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ طالبان نے دعوی کیا ہےکہ اس حملے میں فوج کو نقصان پہنچا ہے تاہم صحیح تعداد کا پتہ نہيں چل سکا ہے۔ دریں اثنا افغانستان کے نائب وزیر داخلہ ایوب سالنگي نے کہا کہ طالبان نے کابل ایر پورٹ سے ایک کلومیٹر دوری پر واقع ایک عمارت پر قبضہ کرکے ایرپورٹ پر حملہ کیا ہے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کابل ایرپورٹ کی طرف فوجی امداد بھیج دی گئي ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق طالبان دہشتگردوں نے ہلکے اور نیم بھاری ہتھیاروں سے ایر پورٹ پرحملے کئے۔افغاں پولیس نے طالبان کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ جھڑپوں میں کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ طالبان دہشتگرد فوجی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے ہینگروں پر حملے کرنے کی کوشش میں تھے لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔ طالبان کے اس دہشتگردانہ حملے سے کابل ایرپورٹ سے پروازوں میں تاخیر تو ہوئي لیکن طالبان حملہ آوروں کی ہلاکت کے بعد ایرپورٹ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کردی گئیں۔
طالبان دہشتگردوں نے آج افغان صدر حامد کرزئي کے کارواں پرحملہ کیا ہے۔ ریڈیو تہران کی پشتو سروس کے مطابق طالبان دہشتگردوں نے آج ارگون سے پکتیکا کے راستے میں صدر کرزئي کے کاروان پر حملہ کیا ہے۔ صدراتی کاروان حامد کرزئي کے دورہ ارگوں کی تیاریوں کے لئے جارہاتھا۔ مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲